امریکا نے بھارتی شہریوں کو خبردار کردیا: بچے کی پیدائش کے لیے آنے والوں کے سیاحتی ویزے مسترد ہوں گے
نئی دہلی: بھارت میں موجود امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افراد جو امریکا میں بچے کی پیدائش کے مقصد سے سیاحتی ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کی درخواستیں اب مسترد کر دی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹورسٹ ویزا کا غلط استعمال روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار کے بارے میں یہ تاثر ملے کہ وہ امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کے نوزائیدہ کو امریکی شہریت دلانے کی نیت رکھتا ہے تو اس کی ویزا درخواست کا منظور ہونا ناممکن ہے۔
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ سفر کا بنیادی مقصد بچے کی پیدائش کے ذریعے امریکی شہریت حاصل کرنا ہے تو ٹورسٹ ویزا فوراً مسترد کر دیا جائے گا۔ مزید کہا گیا کہ اس عمل کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکا نے سوشل میڈیا اور آن لائن سرگرمیوں کی اضافی جانچ کو بھی مزید سخت کر دیا ہے، جو اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا ہولڈرز اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی نافذ ہوگی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب بھارت میں کئی ویزا درخواست گزاروں کو یہ اطلاع ملی کہ ان کی ویزا اپائنٹمنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز پر امریکا میں پیدائش پر شہریت دینے کے قانون کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
