کراچی: گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال سے خام مال کی ترسیل معطل، صنعتوں کی بندش کا خدشہ
کراچی میں جاری گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث صنعتوں تک خام مال کی رسائی معطل ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں صنعتی سرگرمیوں کے مکمل طور پر بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صدر آئرن مرچنٹس حماد پوناوالا کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے سبب صنعتوں کو خام مال کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث لوہے کے تاجروں اور دیگر اشیاء کے امپورٹرز کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن سے مطالبہ کیا کہ مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر ریحان حنیف نے خبردار کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث پورے ملک کی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ پر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے خام مال کی آمد رک گئی ہے اور خدشہ ہے کہ جگہ کی قلت کے باعث آئندہ ایک دو روز میں جہاز بھی لنگر انداز نہیں ہو سکیں گے۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال جلد ختم نہ کی گئی تو ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور سپلائی چین کا بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔
