کراچی میں 90 فیصد لوگ پانی خرید کر پیتے ہیں، یہ غلط بیانی ہے: میئر مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ کراچی میں 90 فیصد لوگ پانی خرید کر پیتے ہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام *کیپیٹل ٹاک* میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں 24 گھنٹے لائن میں پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کو درکار پانی کا صرف نصف حصہ وفاق سے ملتا ہے، جبکہ شہر کے پانی کے مسئلے پر ہر شخص اپنی سیاست چمکاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

میئر کراچی نے توانائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ونڈ کوریڈور کی موجودگی کے باوجود کوئلہ پلانٹس لگائے گئے، جو پالیسی سازی پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو سالانہ تقریباً 16 کھرب روپے موصول ہوتے ہیں، جن میں سے ساڑھے 8 کھرب روپے صوبوں کو دیے جاتے ہیں جبکہ باقی رقم قرضوں کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔