اچھی جمہوریت میڈیا کی آزادی سے مضبوط ہوتی ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی — صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مضبوط جمہوریت کا لازمی جزو آزاد اور ذمہ دار میڈیا ہے، جبکہ اس وقت دنیا بھر میں پرنٹ میڈیا کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شرجیل میمن نے کہا کہ ماضی میں لوگ صبح کا آغاز اخبار سے کرتے تھے لیکن اب موبائل فون نے اس کی جگہ لے لی ہے۔

ان کے مطابق سوشل میڈیا پر چوبیس گھنٹے خبریں گردش کرتی رہتی ہیں جبکہ الیکٹرانک میڈیا کی رفتار نے بھی اخبارات کے لیے مزید مشکلات پیدا کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’سوشل میڈیا پر اکثر غلط خبریں بھی پھیلتی ہیں جبکہ ٹی وی پر بریکنگ نیوز کی دوڑ نے بھی صحافت کے معیار کو متاثر کیا ہے۔‘

‘ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ پرنٹ میڈیا دوبارہ مضبوط ہو اور پیشہ ور صحافت کو فروغ ملے۔

شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی کا ساتھ دیا ہے، یہاں تک کہ مشکل ادوار میں بھی وہ میڈیا کے ساتھ کھڑی رہی۔

ان کے مطابق بعض ادوار میں پیپلز پارٹی میڈیا ٹرائل کا نشانہ بنی لیکن کبھی انتقامی سیاست کا سہارا نہیں لیا گیا۔

صوبائی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کے بیانیے پر بھی بات کی اور کہا کہ ’’ملک میں نفرت اور انتشار کا ماحول پیدا کیا گیا، بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی گئی،

مگر یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس درست سمت میں قدم تھا۔

شرجیل میمن نے زور دیا کہ ملک میں استحکام کے لیے ذمہ دار صحافت اور درست معلومات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ جمہوریت مضبوط ہو اور عوام تک حقائق پہنچ سکیں۔