امید ہے پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں پرفارم کرکے نمبر ون بنے گی، عبدالرزاق
سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ میں پرفارم کرکے دوبارہ نمبر ون بنے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ قومی ٹیم اچھے ردھم میں ہے، ٹرائی سیریز میں چیلنجنگ کرکٹ ہوئی، کپتانی کرنا آسان کام نہیں ہوتا دباؤ ہوتا ہے، ٹیم ورک سے ہی کامیابی ملتی ہے۔
واضح رہے کہ عبدالرزاق اوور 40 ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے جہاں فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 151 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم پاکستان کو فائنل میں شکست دی، آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیفن پیلسن 42 اور اسٹیف نوٹلی 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فواد عالم اور ندیم جاوید نے 24، 24 رنزبنائے، آسٹریلوی بولرکیرلی نے22 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
