2025 میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا جارحانہ انداز، چھکوں کی اوسط میں نمایاں بہتری
سال 2025 پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہتری کا سال رہا، جہاں گرین شرٹس نے ماڈرن کرکٹ کا انداز اپنا کر جارحانہ کھیل پیش کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے 34 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 3872 گیندوں پر 235 چھکے لگائے، یعنی ہر میچ میں اوسطاً 7 چھکے اور ہر 16 گیندوں کے بعد ایک چھکا۔ پچھلے سال 2024 میں ٹیم نے 27 میچوں میں 152 چھکے لگائے، اوسطاً ہر 19 ویں گیند کے بعد ایک چھکا اور فی میچ چھکوں کی اوسط 6 سے کم تھی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی حکمت عملی اور کھلاڑیوں کے جارحانہ کھیل کی بدولت ٹیم نے 34 میچوں میں 21 میں کامیابی حاصل کی۔ ماہرین کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ میں یہ بدلتی ہوئی حکمت عملی ٹیم کی بہتری کا ثبوت ہے۔
