کراچی میں ایک اور ٹینکر حادثہ: تیز رفتار واٹر ٹینکر نے فرسٹ ایئر کے طالبعلم کی جان لے لی
کراچی: شہرِ قائد میں ٹریفک حادثات کا نہ تھمنے والا سلسلہ ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔ نارتھ کراچی فور کے چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی تیز رفتاری نے فرسٹ ایئر کے 21 سالہ طالبعلم عابد کی زندگی کا چراغ گُل کر دیا۔
پولیس کے مطابق عابد موٹر سائیکل پر کالج جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا جب ایک بے قابو واٹر ٹینکر نے اسے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
حادثے کے فوراً بعد علاقہ مکین شدید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ ایک فائر ٹینڈر کے ساتھ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پا لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹینکر ڈرائیور واقعے کے بعد فرار ہوگیا، جبکہ حادثے کی تفتیش جاری ہے۔ عابد عثمان پبلک ہائی اسکول میں گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا اور روزانہ اسی راستے سے کالج جاتا تھا۔
دوسری جانب ریسکیو اداروں نے رواں سال کے ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق اب تک مختلف حادثات میں 806 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 632 مرد، 81 خواتین، 71 بچے اور 22 بچیاں شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران 11 ہزار 596 شہری زخمی بھی ہوئے جبکہ ہیوی ٹریفک سے 244 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی کارروائیوں کے باوجود حادثات میں کوئی نمایاں کمی نہیں آئی۔
