کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ؛ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان

کراچی: شہر قائد میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے موسم کی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔

شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ جناح ٹرمینل پر نصب ویڈر اسٹیشن نے سب سے کم درجہ حرارت 8.9 ڈگری سینٹی گریڈ دکھایا۔ بن قاسم میں کم سے کم درجہ حرارت 12.1 ڈگری جبکہ شاہراہ فیصل اور ماڑی پور (ایئر فورس ویڈر اسٹیشن) پر 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے وقت ہلکی دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ 3.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں مختلف سمتوں سے 10 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 10 سے 50 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

موسمی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سرد موسم میں مناسب لباس پہنیں اور ہواؤں اور دھند کی وجہ سے سفر میں احتیاط برتیں۔