بلوچستان میں کوئٹہ–کراچی ہائی وے پر گولیوں سے چھلنی 4 لاشیں برآمد
کوئٹہ: بلوچستان میں کوئٹہ–کراچی نیشنل ہائی وے کے دو مختلف مقامات سے گولیوں سے چھلنی چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ یہ واقعات ضلع قلات اور ضلع خضدار میں پیش آئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلع قلات کے علاقے بدا رنگ میں سڑک کے کنارے تین لاشیں پڑی ہوئی ملیں، جن کے بارے میں مقامی رہائشیوں
نے انتظامیہ کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق تینوں مقتولین کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر قتل کیا۔ وہ لہڑی قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اور آپس میں کزن تھے۔
ایک اور لاش ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے علاقے سموآنی سے ملنے کی اطلاع ملی۔ مقتول کو بھی فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
