جوڈیشل کمیشن نے سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تعینات کرنے کی سفارش کر دی

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن میں سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق، کمیشن نے متفقہ طور پر جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اور جسٹس محمد کامران ملا خیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔ دونوں ججز اس وقت اپنی متعلقہ ہائی کورٹس میں قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

اسی اجلاس میں اکثریتی فیصلے کے ذریعے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ وہ اس وقت ایکٹنگ جج سپریم کورٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، جسٹس منیب اختر نے اختلافی رائے دیتے ہوئے تجویز دی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کو سپریم کورٹ کا جج بنایا جائے، لیکن اس رائے پر کمیشن کے دیگر ممبران متفق نہیں ہوئے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ رولز تشکیل دینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو پانچ ارکان پر مشتمل ہوگی:

  • جسٹس عامر فاروق (وفاقی آئینی عدالت)
  • اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان
  • سینیٹر فاروق نائیک
  • علی ظفر
  • احسن بھون

یہ کمیٹی سپریم کورٹ رولز کی تیاری اور سفارشات کے عمل کی نگرانی کرے گی