’میرا سر شرم سے جھک گیا‘ جاوید اختر کا طالبان رہنما کے استقبال پر سخت ردعمل

بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے بھارت میں طالبان رہنما کے استقبال پر سخت ردعمل دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاوید اختر نے افغان طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے بھارت میں استقپال پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’مجھے شرم آتی ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ دنیا کے بدترین دہشت گروہ طالبان کے نمائندے کو ان ہی لوگوں کی جانب سے عزت و احترام دیا جارہا ہے جو ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف تقریریں کرتے ہیں۔’

 

انہوں نے کہا کہ اس شخص کو ہیرو کے طور پر خوش آمدید کہا گیا جو لڑکیوں کی تعلیم پر مکمل پابندی لگانے والوں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ افغان طالبان کے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کے دوران پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کو بھی مدعو نہیں کیا گیا تھا جس پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنماؤں نے اس اقدام پر مودی سرکار پر سخت تنقید کی تھی۔