شادی سے ایک روز قبل دلہا کے قتل کیس میں فریقین میں صلح، عدالت نے پانچوں ملزمان کو بری کردیا
کراچی: شادی سے ایک روز قبل نوجوان دلہا اسامہ کے قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح ہو گئی، جس کے بعد عدالت نے گرفتار پانچوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں اسامہ کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران مقتول کے اہل خانہ اور ملزمان کے درمیان طے پانے والا صلح نامہ پیش کیا گیا، جسے عدالت نے فریقین کی رضامندی کے بعد قبول کر لیا۔
استغاثہ کے مطابق نوجوان اسامہ کو عوامی کالونی میں شادی سے ایک روز قبل قتل کیا گیا تھا۔ ملزم طلحہ اسامہ کو گھر سے لے گیا، جبکہ دیگر ملزمان—راحیل، عباد، عرفان اور مزمل—نے کورنگی دارالعلوم کے قریب فائرنگ کر کے اسے قتل کیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ عوامی کالونی میں درج کیا گیا تھا۔
صلح نامہ منظور ہونے کے بعد عدالت نے مقدمے میں گرفتار تمام پانچوں ملزمان کو بری کر دیا اور کیس نمٹا دیا۔
