تونسہ میں غیر قانونی جرگہ: سولر پینل چوری کے الزام میں ملزم پر تشدد، تمام اراکین کے خلاف مقدمہ درج
تونسہ شریف: بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) نے قبائلی علاقے پھوگلہ تمّن بزدار میں ایک مقامی جرگہ کے تمام اراکین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جنہوں نے سولر پینل چوری کے مبینہ ملزم پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کی منظوری دی تھی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گل شیر نامی شخص پر سولر پینلز چوری کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کے بعد جرگہ نے اسے ایک صدیوں پرانی، غیر قانونی اور خطرناک آزمائش ’آس، آف‘ (آگ پانی) کے ذریعے بےگناہی ثابت کرنے پر مجبور کیا۔
جرگہ نے گل شیر کو سرخ گرم لوہے کی سلاخ اٹھانے کا حکم دیا، جس کے نتیجے میں اس کے ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔ اس اذیت ناک امتحان کے بعد بھی جرگہ نے اسے چوری کا مجرم ٹھہراتے ہوئے 2 لاکھ روپے جرمانے اور علاقے سے بےدخلی کی سزا سنائی۔
ذرائع کے مطابق جب متاثرہ شخص اور اس کے اہلِ خانہ نے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کی کوشش کی تو جرگہ نے انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بی ایم پی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام جرگہ اراکین کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس اور کوہ سلیمان قبائلی علاقے کے پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور نے بتایا کہ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی قبائلی فیصلوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان کیا اور کہا کہ ذمہ دار تمام افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
