نامعلوم افراد کی مداخلت: ہدایتکارہ سنگیتا کے ڈرامے کی ریکارڈنگ زبردستی رکوا دی

لاہور: ہدایتکارہ سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے نئے ڈرامے کی ریکارڈنگ کے دوران نامعلوم افراد نے سیٹ پر دھاوا بول کر نہ صرف فنکاروں کو ہراساں کیا بلکہ ریکارڈنگ بھی زبردستی رکوا دی، جس سے انہیں بھاری مالی اور پیشہ ورانہ نقصان اٹھانا پڑا۔

سنگیتا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور کے تھانہ شیرا کوٹ پہنچیں جہاں انہوں نے واقعے کے خلاف باضابطہ درخواست درج کرائی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریکارڈنگ کے دوران چند نامعلوم افراد سیٹ پر آئے اور فنکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی، جس کے بعد ریکارڈنگ روکنا پڑی۔

ہدایتکارہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ نامعلوم افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قابلِ مذمت ہے اور اس سے نہ صرف کام متاثر ہوا بلکہ فنکاروں میں تشویش بھی پیدا ہوئی ہے۔

سنگیتا نے مزید بتایا کہ وہ اس حوالے سے جلد پریس کانفرنس بھی کریں گی تاکہ صورتحال کی تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھی جاسکیں۔