لاہور: ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی ہدایات جاری
لاہور: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ہدایت کی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے تمام اضلاع میں ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہیں جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مطابق کرایوں کی نئی لسٹ تیار کریں گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کریں اور ان سے رقم مسافروں کو واپس کرائی جائے۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا اور کسی بھی صورت زائد کرایہ وصول کرنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد شفاف کرایوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اور مسافروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
