شمالی وزیرستان: مدرسے میں دھماکے سے 2 بچے شہید، 8 زخمی

شمالی وزیرستان (میر علی): شمالی وزیرستان کے گاؤں عیسوڑی میں ایک مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں دو بچے شہید اور آٹھ زخمی ہو گئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے خوارج کے چھوڑے ہوئے بارودی مواد کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ یہ مواد خوارج نے سکیورٹی فورسز کی آمد روکنے کے لیے بچھایا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 114 مربع کلومیٹر علاقے میں بارودی مواد اور سرنگوں کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے پاک فوج نے 82 مربع کلومیٹر علاقے کو کلیئر کر دیا ہے۔

سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ باقی ماندہ علاقے کی ڈی مائننگ کے کام پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ حادثہ ایک بار پھر بچوں کی حفاظت اور خوارج کے چھوڑے گئے خطرناک مواد کے اثرات کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔