پاکستان اور انڈونیشیا نے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق، متعدد معاہدوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا نے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جس کے لیے متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں، جس کی دعوت وزیراعظم شہباز شریف نے دی تھی۔ صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر سوبیانتو نے پاکستان میں شاندار میزبانی اور صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم اور انڈونیشیا کے صدر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستانی ڈاکٹرز، میڈیکل پروفیسرز اور ماہرین کو انڈونیشیا بھیجنے کا منصوبہ بھی طے پایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ انڈونیشیا کے صدر نے بھی تعلیم، تجارت، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔
