وزیراعظم شہباز شریف: فرقہ واریت کا خاتمہ وقت کی ضرورت، علما اپنا کردار ادا کریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی علما کنونشن سے خطاب میں زور دیا ہے کہ فرقہ واریت کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے لیے علما کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی کچھ علما ایسے ہیں جو فرقہ واریت پر بات کرتے ہیں، جسے فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں قوم اور علما کی دعاؤں سے پاکستان کو اہم کامیابی ملی اور مسلح افواج کی جرات سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔

انہوں نے معاشی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغانستان سے آنے والے دہشت گرد یہاں شہروں اور بلوچستان و خیبرپختونخوا میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور یہ صورتحال ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔

شہباز شریف نے علما اور عوام پر زور دیا کہ وہ زہریلے پروپیگنڈے کو مسترد کریں، کیونکہ دشمن کو شکست دینے کے بعد بھی اگر اندرونی محاذ پر انتشار پیدا کیا جائے تو یہ قومی ترقی میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے شب و روز محنت، قومی یکجہتی اور مثبت رویہ ضروری ہے۔