پنجاب میں 16 سال کے بچوں کے لیے اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور اس حوالے سے اصولی فیصلہ جاری کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا قصور نہیں، بلکہ والدین اور معاشرے نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت نہیں ڈالی۔

اہم اقدامات اور اصولی فیصلے

  • 16 سال کے بچوں کو موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس اور اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
  • ہیلمٹ نہ پہننے کی صورت میں پہلی خلاف ورزی پر وارننگ اور چالان ہوگا۔
  • پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کے ذریعے عوام بالخصوص طلبہ کے لیے ہفتہ آگاہی منایا جائے گا۔
  • پہلی مرتبہ ٹریفک قوانین پر ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کیا جائے گا۔
  • والدین کو بھی بچوں کو روڈ سیفٹی کی تربیت دینے اور ہیلمٹ پہننے کی اہمیت بتانے کی ہدایت دی گئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کم عمر ڈرائیورز کی گرفتاریوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آگاہی مہم چلائی جائے اور پہلی خلاف ورزی پر کم عمر افراد کو وارننگ دی جائے۔ غلطی دہرانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ عوام کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور بداخلاقی یا بدتمیزی نہ کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے بنائے گئے ہیں، اور ہر شہری کو ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔