پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر قرارداد منظور

لاہور: پنجاب اسمبلی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف دی ڈیفنس فورسز تعیناتی کے حق میں قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کرلی۔ پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں ایوان نے مسلح افواج کی حمایت اور قومی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

ملک احمد سعید خان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نئے منصب کو ملک کے وقار میں اضافے اور عسکری تاریخ میں اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ تعیناتی پاکستان کی سرحدوں کو مزید مضبوط، محفوظ اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

قرارداد میں حالیہ معرکۂ حق میں پاکستان کی "تاریخی کامیابی" کا بھی ذکر کیا گیا، جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔ قرارداد کے مطابق بھارت کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ عالمی برادری نے پاکستان کے ذمہ دارانہ اور اصولی مؤقف کی بھرپور تائید کی۔

ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ فوج اور سپہ سالار کے خلاف بے بنیاد تنقید دشمن بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاک فوج نے سرحدوں کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قدرتی آفات میں عوام کی مدد کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے، جبکہ قوم اور فوج کا رشتہ ہمیشہ مضبوط اور لازوال رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس کی حمایت میں بھی قرارداد منظور کی اور قومی سلامتی پر کسی قسم کے سمجھوتے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔