سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، تجارت، معدنیات اور انسداد منشیات میں تعاون پر بات چیت
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر سہیل آفریدی نے امریکی قونصل جنرل سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی، انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران بزنس اینڈ انویسٹمنٹ روڈ شو کے انعقاد کی تجویز پر غور کیا گیا، جس میں قیمتی اور نایاب معدنیات کے لیز ہولڈرز کو مدعو کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ تجارتی اور اقتصادی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، اور معدنیات و توانائی میں شراکت داری امن و استحکام کو مضبوط کرے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے فیصلوں میں عوامی مفاد اولین ترجیح ہے اور خیبرپختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں اولین ترجیح حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت سستی توانائی کے لیے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام کر رہی ہے اور ضم اضلاع میں نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔
