قوم برسوں نتائج بھگتے گی، یہ بوئے گئے بیجوں کی فصل ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو سنائی گئی 14 سال قید کی سزا پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو برسوں ان فیصلوں اور کارروائیوں کے اثرات بھگتنے ہوں گے جن کی بنیاد سابق اعلیٰ عسکری شخصیات نے رکھی۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ “قوم برسوں فیض حمید اور جنرل باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی”۔ انہوں نے یہ بات سابق آئی ایس آئی چیف کے خلاف فوجی عدالت کے فیصلے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔
اپنی پوسٹ میں وزیر دفاع نے یہ دعا بھی کی کہ اللہ حکمرانوں کو طاقت اور اقتدار کو اللہ کی عطا سمجھ کر اس کی مخلوق کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کی توفیق دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے دلوں میں خوفِ خدا پیدا ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو سیاسی مداخلت، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور اختیارات کے غلط استعمال پر فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، جس کا اطلاق 11 دسمبر 2025 سے ہوگا۔
