ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں اضافہ منظور کر دیا
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 روپے 56 پیسے تک اضافہ متوقع ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل پر او ایم سیز اور ڈیلرز کے مارجن میں 5 سے 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اس مارجن میں نصف اضافہ فوری طور پر لاگو ہو گا، جبکہ باقی نصف ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے مشروط ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع میں اضافہ براہ راست پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر اثر ڈالے گا، جس کے نتیجے میں عوام کو زیادہ قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
